ایران کا ٹرمپ پر طنز، مذاکرات کے دعوے خواب قرار دے دیے

2 گھنٹے قبل
ایران کا ٹرمپ پر طنز، مذاکرات کے دعوے خواب قرار دے دیے

 تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ مثبت مذاکرات کے دعووں کو طنزیہ انداز میں مسترد کر دیا ہے۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے اسلامی جمہوریہ ایران براڈکاسٹنگ نے اپنے سماجی رابطے کے اکاؤنٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے ان کے بیان کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا۔ادارے کی جانب سے ویڈیو کے ساتھ تحریر میں کہا گیا کہ ٹرمپ ہوا میں قلعے بنا رہے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ فارسی زبان کا ایک محاورہ بھی درج کیا گیا جس کا مفہوم غیر حقیقی خواہشات اور ناممکن خوابوں کی عکاسی کرتا ہے۔محاورے کے مطابق اونٹ خواب میں بنولے کے بیج دیکھتا ہے اور کبھی انہیں منہ بھر کر کھاتا ہے تو کبھی ایک ایک دانہ، جو ایسے شخص کے لیے بولا جاتا ہے جو ناممکن خواہشات میں مبتلا ہو۔شیئر کی گئی ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے اور جلد کسی معاہدے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ معاہدہ طے پانے کی صورت میں اس کا اعلان کیا جائے گا اور آبنائے ہرمز میں بغیر کسی محصول کے جہاز رانی ممکن ہو گی، تاہم ایرانی میڈیا نے ان دعووں کو محض خوش فہمی قرار دیا ہے۔