لاہور ( کامرس ڈیسک) ایل پی جی کی قیمت پانچ سو روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے جس کے باعث گھریلو صارفین کے لیے گیس کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔دکانداروں کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی پانچ سو سے پانچ سو دس روپے فی کلو گرام تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ انہیں سپلائی چار سو اسی سے چار سو نوے روپے فی کلو کے حساب سے مل رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ تقریباً تین سو چار روپے فی کلو کے قریب ہیں، اس لیے موجودہ حالات میں اس قیمت پر فروخت ممکن نہیں رہی۔ دکانداروں نے الزام عائد کیا کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے مہنگی ایل پی جی فراہم کی جا رہی ہے جس سے قیمتوں میں اضافہ ہوا۔دوسری جانب شہریوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مافیا نے قیمتیں بڑھا کر بھاری منافع کمایا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری کارروائی کرتے ہوئے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف سخت اقدامات کریں تاکہ قیمتوں کو قابو میں لایا جا سکے۔