پاکستان کے کردار کا احترام کیا جائے، ششی تھرور کا بھارت کو اہم مشورہ

3 گھنٹے قبل
پاکستان کے کردار کا احترام کیا جائے، ششی تھرور کا بھارت کو اہم مشورہ

نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی سیاستدان و مصنف ششی تھرور نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے جاری بحران میں پاکستان کا ایک اہم ثالث کے طور پر ابھرنا بھارت کے لیے سنجیدہ اور مثبت ردعمل کا تقاضا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایران جنگ کے تناظر میں امن کی کوششوں کی حمایت کرنی چاہیے، خواہ مذاکرات میں سہولت کاری کوئی بھی کرے۔ ان کےمطابق پاکستان کی عسکری قیادت اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان تعلق ایک عملی حقیقت ہے جو روایتی بیوروکریسی سے ہٹ کر کام کر رہا ہے۔ششی تھرور نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر پاکستان اس عمل میں کامیاب ہوتا ہے تو بھارت کو سب سے پہلے اس کامیابی کا خیر مقدم کرنا چاہیے کیونکہ ایٹمی صلاحیت کے حامل خطے میں استحکام سب کے مفاد میں ہے۔انہوں نے بھارتی پالیسی سازوں کو خبردار کیا کہ وہ اس پیش رفت پر سٹریٹجک بے چینی یا تنقید سے گریز کریں کیونکہ کسی بھی ناکام ثالثی کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بھی امن کا خواہاں ہے اور بدلتی عالمی صورتحال میں اسے محض تماشائی بن کر نہیں بیٹھنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان طویل سرحد موجود ہے، اس لیے کسی بھی علاقائی کشیدگی کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ سکتے ہیں، جس کے باعث اس کا امن کوششوں میں کردار فطری ہے۔ششی تھرور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طاقت کے اصول پر مبنی نظام کسی کے مفاد میں نہیں ہوتا کیونکہ اس سے تمام ممالک بڑی طاقتوں کے رحم و کرم پر آ سکتے ہیں۔